208 ارب روپے معافی کا معاملہ ۔۔۔ وزیر اعظم عمران خان نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دینے والا فیصلہ سنا دیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے جی آئی ڈی سی آرڈیننس واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے صنعتکاروں کو اربوں روپے معاف کرنے والا آرڈیننس واپس لیتے ہوئے اٹارنی جنرل کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ۔ وزیراعظم آفس کے مطابق اس آرڈیننس کو
واپس لینے کا فیصلہ حالیہ تنازعہ کو مد نظر رکھتے ہوئے شفافیت اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ اس معاملے کے آئینی اور قانونی حل کو جلد ممکن بنایا جائے۔وزیراعظم قوم کو یہ بھی بتانا چاہتے ہیں کہ عدالت جانے سے فیصلہ خلاف آنے کا بھی خطرہ ہے، عدالت جانے سے حکومت کو پوری رقم واپس ملنے یا کھو جانے کا بھی خدشہ ہے جب کہ آرڈیننس جاری کرنے کا مقصد عدالت کے باہر مذاکرات کے ذریعے 50 فیصد رقم وصول کرنا تھا۔یاد رہے کہ اس سے قبل صدارتی آرڈیننس کے ذریعے با اثر صنعتکاروں کو 208 ارب روپے معاف کر دئے گئے تھے۔ یہ رقم مختلف کمپنیوں اور صنعتکاروں نے گیس انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سرچارج کی مد میں غریب کسانوں اور عوام سے 5 سال کے منصوبے کے دوران وصول کی تھی۔ یہ رقم قومی خزانے میں جمع ہونا تھی جس کے ذریعے پاکستان ایران گیس پائپ لائن، ٹاپی منصوبہ اور توانائی کے دیگر منصوبے مکمل ہونا تھے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جی آئی ڈی سی ایکٹ میں آرڈیننس کے ذریعے ترمیم کی منظوری دی تھی۔ ترمیمی ایکٹ کے بعد متعلقہ کمپنیوں کو وصول شدہ 416 ارب روپے میں صرف 208 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کروانا تھے۔ اس آرڈیننس کی منظوری کے بعد سے ہی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت بھی گذشتہ حکومتوں کے نقش قدم پر چل کر اپنوں کو نواز رہی ہے، یہ آرڈیننس بھی وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں کی کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیا گیا جس کے بعد اب وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ واپس لے لیا ہے۔