پاکستان کو تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش میں کامیابی ملی یا نہیں رپورٹ آج پیش کی جائے گی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان کو تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش میں کامیابی ملی یا نہیں ، اس حوالے سے آج رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کی جائے گی. تفصیلات کے مطابق کراچی کی ساحلی پٹی پر کیکٹراون پراجیکٹ میں کیا پیش رفت ہوئی اس حوالے سے رپورٹ آج وزیراعظم عمران خان کو پیش کی جائے گی.
میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی کی ساحلی پٹی پر 5 ہزار میٹر کے قریب کام مکمل کر لیا گیا ہے. 5 ہزار میٹر تک کی ڈرلنگ کے دوران جو چیزیں دریافت ہوئیں اس حوالے سے ایک مکمل جائزہ رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو آج پیش کی جائے گی. میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان کے لیے جلد ہی ایک بڑی خوشخبری آنے والی ہے. جس کا باقاعدہ اعلان وزیراعظم عمران خان خود کریں گے. واضح رہے کہ پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کے ذخائر دریافت کر لیے گئے، ذرائع کے مطابق امریکی کمپنی ایگزن موبائل 5 ہزار میٹر گہرائی تک ڈرلنگ کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے. زیر سمندر 5 ہزار میٹر کی گہرائی تک ڈرلنگ کرنا بہت مشکل ہوتا ہے. تاہم امریکی کمپنی ایگزن بغیر کسی رکاوٹ کے زیر سمندر 5 ہزار میٹر کی گہرائی تک ڈرلنگ کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے. جبکہ دوران ڈرلنگ پریشر کک بھی حاصل ہوئی. جب بھی تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے سلسلے میں ڈرلنگ کے دوران پریشر کک حاصل ہو، تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ تیل و گیس کے ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں. ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر تیل کے وسیع ذخائر دریافت کر لیے گئے تو اس سے پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ ہو گا. جبکہ عالمی تحقیقاتی ادارے ریسٹیڈ نے کہا ہے کہ پاکستان میں تیل اورگیس کی دریافت3 بڑی ممکنہ دریافتوں میں شامل ہے، سمندر میں کیکڑا ویل سے توانائی وسائل کے روشن امکانات ہیں، کیکڑا ویل سے ڈیڑھ ارب بیرل کے برابر خام تیل اور گیس دریافت ہوسکتی ہے.