محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی
لاہور(نیوز ڈیسک ) محکمہ موسمیات نے 8 اگست سے ملک میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے، جنوبی پنجاب، مشرقی بلوچستان میں موسلادھار بارشیں ہونگیں۔اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم آج ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، بہاولپور، ژوب ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر
تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش کشمیر راولاکوٹ 21، کوٹلی 10، گڑھی دوپٹہ 01 پنجاب سیالکوٹ، مری 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کراچی میں آج مطلع ابر آلود، بوندا باندی ہوسکتی ہے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک جائے گا۔ کراچی سمیت سندھ میں رواں ہفتے 9 سے 10 اگست کے درمیان بارش کی پیش گوئی ہے۔ پنجاب میں حبس اور گرمی کا راج، لاہور میں بادل اور سورج میں آنکھ مچولی شروع، آج بارش ہوگی۔ لاہور کا درجہ حرارت آج 39 ، فیصل آباد کا 40 جبکہ ملتان اور سرگودھا کا 41 ڈگری کو چھو سکتا ہے۔ ہوا کا کم دباؤ اس وقت جنوب مشرقی بلوچستان کے اوپر موجود ہے، کم دباؤ کے باعث رواں ہفتے جنوبی پنجاب، مشرقی بلوچستان میں موسلادھاربارشوں کا امکان ہے خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں بارشیں ہوسکتی ہیں۔ بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگا۔